نانا کے آئین کو پاؤں تلے روندنے کی تیاری؟ ریفرنڈم پر بلاول بھٹو کے یوٹرن نے بڑا تضاد کھول کر رکھ دیا

اسلام آباد:پاکستان کے سیاسی اور آئینی حلقوں میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے عوامی ریفرنڈم کی تجویز پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے سخت ردِعمل نے نئی آئینی اور سیاسی محاذ آرائی کو جنم دے دیا ہے۔ 

آئینی ماہرین اور سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو جس ریفرنڈم کو مسترد کر کے سخت بیانات دے رہے ہیں، وہ دراصل ان کے نانا اور پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے بنائے گئے 1973ء کے متفقہ آئین کے آرٹیکل 48 کی ذیلی شق (6) کا باقاعدہ حصہ ہے۔

دستاویزی شواہد اور 1973ء کے آئین کے مطابق، ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں دیے گئے متفقہ آئین میں قومی اہمیت کے بڑے معاملات پر براہِ راست عوام کی رائے جاننے کے لیے ‘ریفرنڈم’ کو باقاعدہ آئینی راستے کے طور پر رکھا گیا تھا۔

آئینی ماہرین کے مطابق بلاول بھٹو کی جانب سے ریفرنڈم کی مخالفت نہ صرف جمہوری اصولوں سے انحراف ہے بلکہ یہ خود ذوالفقار علی بھٹو کے آئینی فلسفے کی کھلی نفی اور بڑا سیاسی یوٹرن ہے۔

آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 48(6) کیا کہتا ہے؟

آئینِ پاکستان کے باب اول (صدرِ مملکت) کے آرٹیکل 48 کی ذیلی شق (6) کا متن واضح اور دوٹوک ہے، جس کے مطابق اگر کسی بھی وقت وزیراعظم کسی قومی اہمیت کے معاملے پر ریفرنڈم کرانا ضروری سمجھیں تو وہ اس معاملے کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھیج سکتے ہیں، اور مشترکہ اجلاس کی منظوری کے بعد صدرِ مملکت اس سوال کو ریفرنڈم کے لیے پیش کر سکتے ہیں جس کا جواب صرف ‘ہاں’ یا ‘نہیں’ میں دیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : 22 ہزار ارب روپے ہضم کر کے ‘جیے سندھ’ کا نعرہ لگانا سندھ کارڈ کا گھناؤنا کھیل ہے، مصطفیٰ کمال کا بلاول بھٹو پر سخت تنقید

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 48(6) اس بات کا ثبوت ہے کہ 1973ء کا آئین عوامی ریفرنڈم کو ماورائے قانون نہیں بلکہ ایک مکمل جمہوری اور پارلیمانی عمل قرار دیتا ہے، جس کی بنیاد خود ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی۔

بھٹو کا جمہوری فلسفہ اور نواسے کا خوف: تضاد بے نقاب

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو اپنی تقاریر میں “طاقت کا سرچشمہ عوام” ہونے کا نعرہ لگاتے تھے اور ریفرنڈم کی شق کا مقصد ہی یہ تھا کہ بڑے انتظامی، آئینی یا قومی فیصلے بند کمروں کے بجائے عوام کی عدالت سے ہوں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آج بلاول بھٹو زرداری جب سندھ کی شہری آبادی کے مطالبات اور نئے انتظامی یونٹس پر عوامی ریفرنڈم کی بات سنتے ہیں تو انہیں اپنے نانا کا آئین اور “عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں” کا نعرہ بھول جاتا ہے۔

ناقدین کا مؤقف ہے کہ ریفرنڈم کی صورت میں سندھ کے شہری علاقوں بالخصوص کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص کے عوام پیپلز پارٹی کی 18 سالہ خراب گورننس کے خلاف فیصلہ دے سکتے ہیں، اور یہی سیاسی خوف ہے جس کے باعث آئینی راستے کو مسترد کر کے سڑکوں پر خون بہنے جیسی دھمکیوں کا سہارا لیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : باپ کو تاحیات استثنیٰ کے مزے دلوانے کے بعد اسی ترمیم کو “جبری” کہنا، بلاول بھٹو کا دوہرا معیار ان کی سیاسی پستی کا منہ بولتا ثبوت

سیاسی پوائنٹ اسکورنگ یا وڈیرہ شاہی مفادات کا تحفظ؟
آئینی و سیاسی حلقوں میں یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ 1973ء کے آئین کی خالق ہونے کا دعویٰ کرنے والی جماعت کا چیئرمین اسی آئین کے آرٹیکل 48(6) میں درج ریفرنڈم کی شق سے خوفزدہ کیوں ہے؟

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر پیپلز پارٹی کو واقعی اپنے عوامی مینڈیٹ اور سندھ میں ترقیاتی کارکردگی پر اعتماد ہے تو اسے آئینی ریفرنڈم کا خیرمقدم کرنا چاہیے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ بھٹو کے آئین میں درج عوامی اختیار کو مسترد کرنا اور جمہوری عمل کے بجائے تشدد کا خوف دلانا یہ ثابت کرتا ہے کہ بلاول بھٹو کے لیے آئین اور جمہوریت صرف اس وقت تک قابلِ قبول ہیں جب تک ان کا جاگیردارانہ تسلط اور اقتدار محفوظ رہے، ورنہ عوامی رائے کے آئینی ہتھیار کے سامنے آتے ہی وہ اپنے ہی نانا کے آئین سے یوٹرن لینے میں دیر نہیں کرتے۔

Scroll to Top