اگر سندھ حکومت کی کارکردگی ہے تو ریفرنڈم سے گھبراہٹ کیسی؟ پیپلز پارٹی کی مخالفت پر شدید ردعمل

اسلام آباد:ملک میں نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام کے لیے مجوزہ آئینی ریفرنڈم کی بحث نے شدت اختیار کر لی ہے۔

حکومتی اور اتحادی حلقوں سمیت سیاسی تجزیہ کاروں کی جانب سے یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر دہشت گردی کے شدید خطرات کے سائے میں فروری 2024 کے عام انتخابات میں پرامن ووٹنگ ممکن ہو سکتی ہے، تو پھر پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ریفرنڈم کے انعقاد پر بدامنی کا خدشہ کیوں ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تجزیہ کاروں اور حکومتی و اتحادی حلقوں کا مؤقف ہے کہ فروری 2024 کے عام انتخابات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستانی قوم اور ریاستی ادارے شدید سیکیورٹی چیلنجز اور الرٹس کے باوجود ووٹنگ کا عمل مکمل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان کے مطابق کشیدہ فضا کے باوجود کروڑوں ووٹرز نے پولنگ اسٹیشنز پر جا کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا، اس لیے ایک مخصوص سوال پر رائے شماری یا ریفرنڈم کے نام پر خون خرابے کی پیش گوئیاں محض سیاسی دباؤ ڈالنے کی حکمتِ عملی محسوس ہوتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بلاول کے دعوے جھوٹ کا پلندہ،حقیقت سے کوئی تعلق نہیں:الیکشن کمیشن نے مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا !

اس نقطہ نظر کے حامل افراد کا کہنا ہے کہ ووٹ کا عمل بذاتِ خود بدامنی پیدا نہیں کرتا بلکہ بدامنی کا خوف اس وقت پھیلایا جاتا ہے جب کوئی فریق براہِ راست عوامی رائے کے سامنے آنے سے گریزاں ہو۔

اصل گھبراہٹ سیکیورٹی کی نہیں، نتیجے کی ہے

سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ ریفرنڈم کی مخالفت کرنے والے حلقے امن و امان سے زیادہ ممکنہ عوامی نتیجے کے خوف میں مبتلا ہیں۔ عوامی و سیاسی حلقوں میں یہ بحث جاری ہے کہ اگر کسی سیاسی بیانیے یا موجودہ انتظامی ڈھانچے کو واقعی عوامی تائید حاصل ہے تو اسے عوامی فیصلے سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔

مبصرین کے بقول نئے صوبوں یا انتظامی اکائیوں کی بات آتے ہی جن حلقوں کو اپنی سیاسی یا علاقائی گرفت کمزور پڑنے کا اندیشہ ہوتا ہے، وہ معاملے کو انتظامی اصلاحات اور عوامی سہولت کے بجائے خوف اور جذبات کی فضا میں دھکیل دیتے ہیں۔

ایک سینئر سیاسی مبصر کے مطابق جب کسی طبقے کو خدشہ ہو کہ براہِ راست عوامی رائے میں اس کا مؤقف کمزور پڑ سکتا ہے، تو وہ سب سے پہلے انتخابی یا ریفرنڈم کے عمل کو ہی متنازع اور خطرناک قرار دینے کی حکمتِ عملی اپناتا ہے۔

عوامی رائے بمقابلہ سیاسی اجارہ داری

انتظامی یونٹس کے لیے ریفرنڈم کی حمایت کرنے والے حلقوں کا کہنا ہے کہ جمہوریت میں بڑے فیصلوں کا حتمی اختیار عوام کے پاس ہونا چاہیے، اور بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے عوام سے براہِ راست رائے لینا جمہوری عمل کو تقویت دیتا ہے، جبکہ عوام کو رائے شماری سے روکنا عوامی شعور کی نفی کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھیں : 22 ہزار ارب روپے ہضم کر کے ‘جیے سندھ’ کا نعرہ لگانا سندھ کارڈ کا گھناؤنا کھیل ہے، مصطفیٰ کمال کا بلاول بھٹو پر سخت تنقید

اسی معاملے پر گزشتہ روز وفاقی وزیر صحت و ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آئین میں عوامی رائے جاننے کی واضح گنجائش موجود ہے، اور اگر سندھ حکومت نے واقعی کارکردگی دکھائی ہے تو اسے نئے صوبوں یا ریفرنڈم کی بات سے پریشان نہیں ہونا چاہیے۔

دوسری جانب استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ملتان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے کسی کی حکمرانی سکڑنے کا خدشہ نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ نئے انتظامی یونٹس کے بغیر عام آدمی کو حقیقی ریلیف نہیں مل سکتا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھی یہی مؤقف اختیار کیا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام پر عوامی رائے جاننے کا آئینی طریقہ ریفرنڈم ہے۔

تجزیہ کاروں کے اس طبقے کے مطابق عوامی رائے شماری سے وہی سیاسی قوتیں خوفزدہ ہوتی ہیں جنہیں اپنے سیاسی غلبے کے خاتمے کا خطرہ لاحق ہوتا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ وہ انتظامی تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے بدامنی کے خدشات کا اظہار کرتی ہیں۔

Scroll to Top