وانا: ضلعی انتظامیہ جنوبی وزیرستان لوئر نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت یکم اگست 2026 کو تحصیل وانا میں صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر مسرت زمان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو کے دوران تحصیل وانا، وانا بازار اور وانا بائی پاس سمیت متعلقہ علاقوں میں ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد رہے گی، جبکہ تمام بازار، مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند رہیں گے۔ اس اقدام کا مقصد امن و امان برقرار رکھنا، عوامی تحفظ کو یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ ہے۔
نوٹیفکیشن میں دو اہم راستوں پر ہر قسم کی ٹریفک، مسافر اور مال بردار گاڑیوں سمیت موٹر سائیکلوں کی آمد و رفت بھی مکمل طور پر ممنوع قرار دی گئی ہے۔
متاثرہ راستے: وانا، تیارزہ گیٹ، کرب کوٹ، تنائی، عزیز آباد چوک تا درگئی پل، گل کچھ، توئی خلہ تا تنائی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں، ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی سروسز کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ صرف ایسے ایمرجنسی کیسز کو آمد و رفت کی اجازت دی جائے گی جنہیں پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی جانب سے باقاعدہ اجازت دی گئی ہو۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان لوئر، اراضی تنازع پر دو قبیلوں میں تصادم
نوٹیفکیشن کے مطابق اجازت یافتہ افراد کو سفر کے دوران اپنا قومی شناختی کارڈ (CNIC) اور گاڑی کے کاغذات پیش کرنا ہوں گے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کو دیکھتے ہی گاڑی مقررہ فاصلے پر روکنا لازم ہوگا تاکہ چیکنگ کا عمل محفوظ انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور یکم اگست شام 7 بجے تک مؤثر رہے گا۔ کرفیو یا دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرفیو کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سرکاری احکامات پر مکمل عمل کریں اور امن و امان برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔





