شمالی وزیرستان،سیکیورٹی فورسز کا رزمک میں آپریشن، 5 خوارج ہلاک، میجر احسان الٰہی شہید

شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آج یکم اگست کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی اس کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہواجس میں ضلع میانوالی سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔

دوسری جانب آپریشن میں ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔ یہ دہشت گرد سیکورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں اور قتل میں ملوث رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید بھارتی سرپرستی میں سرگرم کسی بھی خارجی کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وژن ’عزمِ استحکام‘ کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی تاکہ بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

یہ  بھی پڑھیں : پاک چین دوستی آزمودہ ہے، ہر چیلنج میں مضبوط رہی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

ترجمان پا ک فوج کے مطابق ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی عظیم قربانیاںوطن عزیز کے دفاع کے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

Scroll to Top