پاک چین دوستی آزمودہ ہے، ہر چیلنج میں مضبوط رہی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ اور وقت کی ہر کسوٹی پر پوری اتری ہے، جبکہ بدلتے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے باوجود پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 99ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارتخانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

تقریب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور پیپلز لبریشن آرمی کو 99ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے پی ایل اے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ تذویراتی مفادات کے تحفظ کے لیے حقیقی شراکت دار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : دہشت گردوں کے پاس صرف دو راستے ہیں،ہتھیار ڈالیں یا ریاستی آپریشن کا سامنا کریں،ڈی جی آئی ایس پی آر

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے اور دونوں ممالک علاقائی و عالمی چیلنجز کے باوجود قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی سفیر نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

Scroll to Top