متحدہ عرب امارات کا بڑی سہولت کا اعلان

متحدہ عرب امارات نے گرمیوں کی چھٹیوں کے پیشِ نظر غیر ملکی سیاحوں کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سیاحتی ویزا کی سرکاری فیس ختم کر دی ہے۔

یہ خصوصی رعایت 15 جولائی سے 15 ستمبر تک نافذ العمل رہے گی۔

حکام کے مطابق اس سہولت سے صرف وہ بچے مستفید ہو سکیں گے جو اپنے والدین کے ہمراہ سفر کر رہے ہوں گے جس کے لیے والدین اور بچوں کی ویزا درخواستیں ایک ساتھ جمع کروانا ضروری ہوگا۔ تاہم یو اے ای میں پہلے سے مقیم مقیمیوں کے بچوں پر اس پالیسی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

اگرچہ حکومت نے ویزا فیس معاف کر دی ہےلیکن ٹریول انشورنس، درخواست کی پروسیسنگ اور ایجنسی کے سروس چارجز کی مد میں فی بچہ تقریباً 120 درہم ادا کرنے ہوں گے۔ معمول کے حالات میں بچوں کے ویزے پر 250 سے 350 درہم تک لاگت آتی ہے جس کے باعث دو بچوں کے ساتھ آنے والے خاندانوں کو مجموعی طور پر 500 سے 700 درہم تک کی بچت حاصل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کےلیے ورک ویزا کا نیا طریقہ کار نافذ

یہ استثنیٰ 30 اور 60 دن کے ٹورسٹ ویزوں کے لیے کارآمد ہے تاہم ویزے کی مدت میں توسیع کروانے کی صورت میں مقررہ فیس دینا ہوگی کیونکہ یہ رعایت صرف ابتدائی ویزا کے لیے مخصوص ہے۔

Scroll to Top