وفاقی حکومت نے وزیراعظم میڈیکل پالیسی کے تحت کنٹریکٹ پر بھرتی ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وفاقی وزارتوں اور ذیلی محکموں کو 30 دن کے اندر اس فیصلے پر عملدرآمد کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ مراسلے اور آفس میمورنڈم کے مطابق پالیسی کے تحت ملازمین کی ون ٹائم ریگولرائزیشن کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اس فیصلے کے تحت کنٹریکٹ پر خدمات انجام دینے والے ان اہل ملازمین کو مستقل کیا جائے گا جو مقررہ شرائط پوری کرتے ہیں اور باقاعدہ منظور شدہ اسامیوں پر تعینات ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملازمین کو مستقل کرنے کا یہ فیصلہ آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت مساوی سلوک کے اصول کے مطابق کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان کی جیل ہسپتال میں زیر علاج ہونے کی خبریں،بیرسٹر گوہر کا اہم بیان سامنے آ گیا
اس حوالے سے تمام وفاقی وزارتوں، منسلک محکموں اور ماتحت دفاتر کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت ریگولرائزیشن کا عمل شروع ہو گا۔ تمام متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز پر لازم ہو گا کہ وہ 30 روز کے اندر اس عمل کی تکمیل اور تعمیلی رپورٹ جمع کرائیں۔





