الجزیرہ نے مخصوص پولنگ سٹیشنز سے رپورٹنگ کے ذریعے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی، وزارت اطلاعات

وزارتِ اطلاعات نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے الجزیرہ کی رپورٹنگ کو یک طرفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینل نے مظفرآباد کے چند منتخب پولنگ اسٹیشنز سے مخصوص اوقات میں رپورٹنگ اور چند افراد کے بیانات کے ذریعے انتخابی عمل کو غلط انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی۔

وزارتِ اطلاعات کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کی رپورٹنگ حقائق کی درست عکاسی نہیں کرتی بلکہ انتخابی عمل کو متنازع بنانے کی کوشش ہے۔

بیان کے مطابق اس طرز کی صحافت بیرونی مفادات رکھنے والے عناصر کے ایجنڈے کو تقویت دیتی ہے، جو آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات اور عوامی مینڈیٹ کو مشکوک بنانے کے خواہاں ہیں۔

وزارتِ اطلاعات نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے بھرپور انداز میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرتے ہوئے انتشار اور دباؤ کی سیاست کو مسترد کیا اور جمہوری عمل پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔

Scroll to Top