سوات تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا

شہزاد نوید
سوات: سوات تعلیمی بورڈ نے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا، جبکہ دسویں جماعت میں تینوں نمایاں پوزیشنیں طالبات نے اپنے نام کر لیں۔

بورڈ کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق سوات ٹیمپو ماڈل اسکول کی طالبہ شہانہ احمد نے 1161 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

اقرا اکیڈمی سیدو شریف کی طالبہ رشینہ نے 1158 نمبر حاصل کرکے دوسری پوزیشن اپنے نام کی، جبکہ ٹیمپو ماڈل اسکول کی طالبہ زلندہ سردار نے 1156 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

سوات تعلیمی بورڈ کے مطابق دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں سوات، بونیر اور شانگلہ کے مجموعی طور پر 46 ہزار 484 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

ان میں 34 ہزار 421 امیدوار سائنس گروپ سے تعلق رکھتے تھے، جبکہ باقی امیدوار آرٹس گروپ میں شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں میٹرک امتحان میں ناکامی پر طالب علم نے مبینہ طور خودکشی کرلی

نتائج کے مطابق سائنس گروپ میں کامیابی کا تناسب تقریباً 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آرٹس گروپ میں کامیابی کی شرح تقریباً 52 فیصد رہی۔

بورڈ حکام کے مطابق امتحانات شفاف اور منظم انداز میں منعقد کیے گئے، جبکہ کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

نتائج کے اعلان کے بعد کامیاب طلبہ و طالبات اور ان کے اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جبکہ نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والی طالبات کو تعلیمی حلقوں کی جانب سے بھرپور مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top