خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 27 ستمبر 2026 کو اسلام آباد مارچ کے لیے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے اور پارٹی جامع منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں آئے گی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ 27 ستمبر کو پی ٹی آئی کا مارچ پشاور سے شروع ہوگا اور اس کا رخ اسلام آباد کی جانب ہوگا۔ ان کے مطابق ملک بھر سے پارٹی عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز بھی اسلام آباد مارچ میں شرکت کے لیے پہنچیں گے۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ آج سے شروع ہونے والی تحریک بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی تک جاری رہے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد میں احتجاج کے لیے مکمل تیاری کے ساتھ آئے گی اور مارچ میں ریاستی مشینری کو شامل نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسلام آباد میں احتجاجی راستوں پر کنٹینرز لگائے جاتے رہے ہیں اور رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں، تاہم پارٹی نے مارچ کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک ٹیم کو کسی رکاوٹ کا سامنا ہوا تو دوسری ٹیم اپنا کردار ادا کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : یومِ شہدائے پولیس:شہداء کی قربانیوں کے مقروض ہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، کور کمانڈر پشاور
پشاور میں ہونے والے جلسے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے دعویٰ کیا کہ جلسے میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔
ان کے مطابق جلسہ گاہ کے انتخاب پر بنائی گئی کمیٹی کو بھی آگاہ کیا گیا تھا کہ مقررہ جگہ شرکا کی تعداد کے مقابلے میں کم ہے، کیونکہ بقول ان کے جلسہ گاہ سے باہر بھی بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے اور سڑکیں بند ہونے کے باعث کئی افراد جلسے کے مقام تک نہ پہنچ سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد مارچ کے حوالے سے پارٹی کی تیاری مکمل ہے اور آئندہ کا لائحہ عمل اسی منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔





