سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کا اہم ترین سہ فریقی سربراہ اجلاس آج جدہ میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں تینوں دوست ممالک کے درمیان ایک اہم معاہدے پر دستخط کا امکان ہے۔
جدہ:سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزاد محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر پاکستان کے شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر جدہ پہنچ چکے ہیں، جدہ کے ایئرپورٹ پر مکہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشال بن عبدالعزیز اور سعودی عرب کے وزیرِ زراعت نے معزز مہمانوں کا پرُتپاک استقبال کیا۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان بھی آج ہی سعودی عرب پہنچ رہے ہیں، سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کے درمیان دوطرفہ تفصیلی ملاقات بھی ہوگی، جس میں خطے کی حالیہ سیاسی و سیکیورٹی صورتِ حال اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق یہ دورہ علاقائی امن، سفارتی تعاون اور تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ حکمتِ عملی کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور تمام تنازعات کے پُرامن سفارتی حل کے لیے اپنی کوششیں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ سعودیہ عرب پہنچ گئے
ترجمان نے مزید امید ظاہر کی کہ آبنائے ہرمز کے حوالے سےاسلام آباد مفاہمتی فریم ورک پر پیش رفت آگے بڑھے گی، جس سے ایران اور امریکہ کے درمیان تعطل کا شکار مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔





