نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال اور حالیہ مکہ دفاعی معاہدے سمیت اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق گفتگو میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ دفاعی معاہدے پر بھی بات چیت ہوئی، جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں تیزی سے بدلتی صورتحال کا جائزہ لیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے جاری کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی منڈی میں سونے نے ایک بار پھر نئی بلندی چھو لی
رپورٹ کے مطابق عباس عراقچی نے اسحاق ڈار کو عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز میں نئی تجارتی راہداری کے معاملے پر ہونے والی حالیہ بات چیت سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب کو مکہ دفاعی معاہدے کے خدوخال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانا ہے۔





