یوم آزادی کا جشن منانے کے دوران شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ 69 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے دعوؤں کے باوجود رات بارہ بجتے ہی شہر فائرنگ سے گونج اٹھا، جس کے نتیجے میں نامعلوم سمت کی گولیاں لگنے سے زخمی شہریوں کو مختلف ہسپتالوں میں لے جایا گیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق پاپوش نگر کے علاقے صرافہ بازار میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی جنہیں انتہائی تشویش ناک حالت میں عباسی شہید ہسپتال لے جایا گیا تاہم خاتون جاں بحق ہوگئی۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق بلال کالونی کے علاقے نیو کراچی، پاپوش نگر چاندنی چوک میں گولی لگنے سے ایک، ایک شہری زخمی ہوا، شریف آباد کے علاقے ناظم آباد سے لیاقت آباد انڈر پاس کے قریب 49 سالہ عمران، شارع نور جہاں کے علاقے فائیو سٹار چورنگی امام کلینک کے قریب نامعلوم سمت کی گولی لگنے سے 35 سالہ برگان زخمی ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: یوم آزادی کے موقع پر مری جانے کے خواہشمند سیاح ہوجائیں ہوشیار،بڑی خبر آگئی
پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹاؤن ساڑھے گیارہ نمبر رحمت چوک کے قریب نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے 12 سالہ رحیم زخمی ہوا، انہوں نے بتایا کہ میٹھادر کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ حبیب بینک پلازہ کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 40 سالہ زاہد حسین زخمی ہوا۔
فائرنگ کے دیگر واقعات پریڈی کے علاقے صدر اکبر روڈ، گزری مبارک مسجد ، پرانی سبزی منڈی ملنگ ہوٹل، لائنز ایریا خطرناک موڑ ، کورنگی ساڑھے پانچ نمبر ، جناح اسپتال کے قریب، گلبہار محمد ولیج اور شہر کے دیگر علاقوں مین سامنے آئے ہیں ۔





