پاکستان کا 79 واں یومِ آزادی آج پورے ملی جوش و جذبے اور شایانِ شان طریقے سے منایا جا رہا ہے۔
دن کا آغاز وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جبکہ نمازِ فجر کے اجتماعات میں وطنِ عزیز کی ترقی، سلامتی، امن اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
رات بارہ بجتے ہی ملک کے کونے کونے میں جشنِ آزادی کا آغاز ہو گیا۔،کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت تمام چھوٹے بڑے شہر سبز ہلالی پرچموں اور رنگ برنگی روشنیوں میں نہا گئے۔
اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے سڑکوں کا رخ کیا، اور فضا ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھی،لاہور کے تاریخی گریٹر اقبال پارک اور لبرٹی چوک سمیت ملک بھر میں آتش بازی کے شاندار مظاہرے کیے گئے جنہیں دیکھنے کے لیے عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔
یہ بھی پڑھیں : معرکہ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی کی یاد میں صدرمملکت اوروزیراعظم نے یادگارِ فتح کا افتتاح کردیا
ملتان کے گھنٹہ گھر چوک اور حیدرآباد میں بھی ضلعی انتظامیہ اور شہریوں کے زیرِ اہتمام شاندار چراغاں اور آتش بازی کی گئی، جس نے جشن کے رنگ کو مزید دوبالا کر دیا۔





