گڈز ٹرانسپورٹرز کے الائنس کی 15 تنظیموں ’’پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل‘‘ کے صدر تنویر احمد جٹ نے دیگر متعلقہ رہنماوں کے ہمراہ اعلان کیا ہے کہ حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم کرلئے ہیں جس کے بعد ہم جاری احتجاج کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں
مرکزی صدر پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل تنویر احمد جٹ نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹر کی نمائندہ تنظیموں کے حکومت سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور پورے پاکستان میں فوری طور پر پہیہ جام ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں سمیت ہر جگہ گڈز ٹرانسپورٹرز اپنی گارڑیاں چلانا شروع کردیں، وزیراعظم نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی سربراہی میں کمیٹی بنائی ہے، عبدالعلیم خان ہمارے جائز مطالبات کو خود دیکھ رہے ہیں اور وہ پورے کریں گے لہٰذا ملک کے وسیع تر مفاد میں ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے 8 کے قریب فوری نوعیت کے مطالبات مانے گئے ہیں، ٹرانسپورٹرز کے باقی مطالبات کے لیے کمیٹیاں بن گئی ہیں، ہم مذاکرات میں تعاون پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے شکر گزار ہیں، مطالبات کو سنجیدہ
طریقے سے حل کرنے پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
تنویر احمد جٹ نے کہا کہ پہیہ جام ہڑتال کی وجہ سے ملک کی بندرگاہیں بند تھیں، کام رک گیا تھا، ہڑتال سے درآمدات اور برآمدات بھی شدید متاثر تھیں، 6 روز کی گڈز ٹرانسپورٹر کی پہیہ جام ہڑتال سے ملک میں اربوں روپے کا نقصان ہورہا تھا، ملک میں کاروبار کے حوالے سے بڑی خطرناک صورت حال ہوگئی تھی، ہڑتال کی وجہ سے سبزیاں اور دالیں، راشن کی سپلائی رک گئی تھی۔




