نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یوم آزادی کے موقع پر قوم اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی آزادی قائداعظم محمد علی جناحؒ، تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جرات، عزم اور بے شمار قربانیوں کا ثمر ہے۔
اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جن کی جدوجہد اور قربانیوں نے آزاد ریاست کی بنیاد رکھی۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ آزادی کے بعد سے پاکستان نے مختلف شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے اور آج 25 کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل ایک باہمت اور ثابت قدم قوم ہے۔ گزشتہ آٹھ دہائیوں کے دوران پاکستان نے عالمی سطح پر بھی اپنی حیثیت کو مضبوط کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ رواں سال سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ تاریخی مکہ معاہدے پر دستخط کیے گئے، جو تزویراتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔ مکہ معاہدہ علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو درپیش بدلتے چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا 79ویں یومِ آزادی پر قوم کو مبارکباد، اہم بیان جاری کردیا
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے پرعزم اور کامیاب ردعمل کو یاد کیا اور ملکی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی تجدید کی۔ پاکستان کی بین الاقوامی قانون، ذمہ دارانہ طرز حکمرانی اور علاقائی امن کے لیے پختہ وابستگی بدستور برقرار ہے۔
نائب وزیراعظم نے وطن کے دفاع اور امن و استحکام کے لیے قربانیاں دینے والی بہادر مسلح افواج، پولیس اور نیم فوجی دستوں کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان تمام شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جنہوں نے ملک کے دفاع اور امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اقوام کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کا علمبردار رہا ہے۔ گزشتہ برس کے واقعات نے ایک بار پھر دیرینہ تنازعات کے پرامن حل کی فوری ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بالخصوص جموں و کشمیر کا تنازع خطے میں بدامنی کی ایک اہم وجہ ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔





