وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ عظیم نعمت ہے۔ 14 اگست 1947 کو پاکستانی قوم کو ایک آزاد وطن ملا جہاں ہر شہری کو باوقار زندگی گزارنے کا موقع حاصل ہوا۔
انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور تحریک پاکستان کے دیگر رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے قیام کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں دیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں تمام شہریوں کو بلاامتیاز مساوی آزادی حاصل ہے جبکہ آئین اور ملکی قوانین تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کی ضمانت دیتے ہیں۔
مشکلات کے باوجود پاکستانی قوم نے زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، نوجوان، ہنرمند افرادی قوت، ماہرین، کسان اور مزدور پاکستان کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی ترقی اور خوشحالی کا سفر روشن مستقبل کی جانب جاری ہے، حکومت نے گزشتہ ڈھائی برس کے دوران مشکل حالات سے کامیابی سے نمٹتے ہوئے معاشی استحکام حاصل کیا اور پاکستان اب ترقی یافتہ معیشت کے ہدف کی جانب مستقل آگے بڑھ رہا ہے۔
ان کے مطابق دو سال کے دوران بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 11.3 ارب ڈالر اضافہ ہوا، جو اوورسیز پاکستانیوں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی، جدت، پائیدار صنعتی و زرعی ترقی، عوامی فلاحی منصوبوں، روزگار اور عالمی معیار کے تعلیم و ہنر کے نظام کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
دفاعِ وطن کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج نے ہر مشکل گھڑی اور دشمن کے ہر حملے کا بھرپور جواب دیا اور مسلح افواج نے ثابت کیا کہ وطن کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔
معرکہ حق میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے مثالی اتحاد اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا، جس نے پاکستان کے دفاع اور وقار کی تاریخ میں ایک اور سنہرا باب رقم کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ملکی دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے اور پانی کے وسائل سمیت قومی مفادات کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مطابق پاکستان عالمی برادری میں ایک مضبوط، پرعزم اور باوقار ملک کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے اور امن کا مضبوط علمبردار ہونے کے ساتھ عالمی و علاقائی استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان نے عالمی امن، علاقائی تعاون اور استحکام کے فروغ میں ذمہ دار ملک کا کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کی جانب سے یوم آزادی پر پاکستانیوں کو دلی مبارکباد
انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے کو پاکستان کے مؤثر علاقائی کردار کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کی ابھرتی ہوئی اسٹریٹجک طاقت کی عکاسی کرتا ہے۔
فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے جبکہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی اصولی حمایت جاری رکھے گا۔
جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا دارومدار مسئلہ کشمیر کے سفارتی حل پر ہے اور اس مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں، عالمی قانون اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
وزیراعظم نے یوم آزادی کے موقع پر وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر اہلکاروں، غازیوں اور شہداء کی شکر گزار ہے۔
شہباز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں اور طبقات پر زور دیا کہ وہ قومی یکجہتی اور ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے تعمیری کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی، خوشحالی، امن، استحکام اور ہم آہنگی کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کے عزم کی تجدید کرنا ہوگی۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو اقوام عالم میں مزید عزت و وقار اور شاندار مستقبل عطا فرمائے اور قوم پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور کامیابی کے لیے اپنے اجتماعی عزم کی تجدید کرے۔





