سر کی خشکی سے نجات کیسے حاصل کریں؟ آسان گھریلو طریقے

سر کی خشکی ایک عام مسئلہ ہے جو بالوں کی خوبصورتی متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ خارش، جلن اور سفید فلیکس کی وجہ سے خاصی پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔

بعض افراد میں یہ مسئلہ صرف سر تک محدود نہیں رہتا بلکہ بھنوؤں، ناک کے اطراف اور چہرے کے دیگر حصوں تک بھی پھیل سکتا ہے۔

خشکی پر قابو پانے کے لیے سر کی جلد کو صاف رکھنے اور بالوں کی مناسب دیکھ بھال کے ساتھ بعض روایتی گھریلو طریقے بھی آزمائے جاتے ہیں۔

نیم کے پتے

نیم کو عرصے سے جلد اور بالوں کی نگہداشت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ نیم کے پتوں کو پیس کر دہی میں شامل کرکے ماسک تیار کیا جاسکتا ہے۔ اس ماسک کو تقریباً 20 منٹ تک سر کی جلد پر لگانے کے بعد بال دھو لیے جائیں۔

نیم میں اینٹی فنگل خصوصیات پائی جاتی ہیں، اسی وجہ سے نیم کا تیل اور اس سے بنی مختلف ہیئر کیئر مصنوعات بھی خشکی کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔

آملہ بھی مفید

آملہ بالوں کی روایتی نگہداشت میں خاص مقام رکھتا ہے۔ آملے کے پاؤڈر کو پانی میں ملا کر پیسٹ بنایا جاسکتا ہے، جبکہ اس میں تلسی کے پتے بھی شامل کیے جاسکتے ہیں۔

تیار کردہ پیسٹ کو تقریباً 30 منٹ تک سر کی جلد پر لگا رہنے دیں، جس کے بعد کسی معیاری شیمپو سے بال اچھی طرح دھو لیں۔

میتھی کے بیج آزمائیں

میتھی کے بیج بھی خشکی اور بالوں کی دیکھ بھال کے لیے ایک مقبول گھریلو طریقہ سمجھے جاتے ہیں۔ میتھی کے بیجوں کو رات بھر پانی میں بھگونے کے بعد صبح پیس کر پیسٹ بنا لیں اور اسے سر کی جلد پر لگائیں۔ تقریباً 30 منٹ بعد بال اچھی طرح دھو لیے جائیں۔

اینٹی ڈینڈرف شیمپو کا استعمال

اگر خشکی بار بار واپس آتی ہے تو گھریلو طریقوں کے ساتھ مناسب اینٹی ڈینڈرف شیمپو کا استعمال بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ بالوں اور سر کی جلد کو باقاعدگی سے صاف رکھنے سے اضافی تیل، مردہ جلد اور فلیکس کے جمع ہونے میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔

متوازن غذا بھی ضروری

بالوں اور جلد کی صحت کا تعلق مجموعی غذائی صحت سے بھی ہے۔ روزمرہ خوراک میں مناسب مقدار میں پروٹین، وٹامنز، منرلز اور صحت مند چکنائیاں شامل کرنا بالوں سمیت مجموعی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔

کن صورتوں میں ڈاکٹر سے رجوع کریں؟

اگر خشکی کی شدت بڑھ جائے، سر میں مسلسل یا شدید خارش، سرخی، جلن یا زخم ہونے لگیں، یا اینٹی ڈینڈرف شیمپو کے استعمال کے باوجود مسئلہ برقرار رہے تو ماہرِ امراضِ جلد سے مشورہ کرنا بہتر ہے۔

ایسی علامات بعض اوقات عام خشکی کے بجائے سیبوریک ڈرماٹائٹس، ایگزیما یا جلد کی کسی دوسری بیماری کی نشاندہی بھی کرسکتی ہیں، اس لیے مسلسل یا شدید علامات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

Scroll to Top