فیفا صدر جیانی انفینٹینو کی مشکلات میں مزید اضافہ

فیفا کے صدر جانی انفینٹینو کو ایک اور بڑا دھچکا، آئرلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن نے بھی ان کی حمایت سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔

آئرش فٹبال ایسوسی ایشن نے فیفا کو ارسال کیے گئے خط میں حمایت واپس لینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ واقعات نے فیفا کی گورننس، شفافیت اور مشاورت کے طریقہ کار پر سنگین سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ آئرلینڈ نے اس معاملے پر یوئیفا کے مؤقف کی حمایت بھی کردی ہے۔

اس سے قبل یوئیفا، کونکاکاف اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کی جانب سے بھی جانی انفینٹینو پر اعتماد مجروح کرنے کے الزامات سامنے آچکے ہیں۔

عالمی فٹبال کی مختلف تنظیموں کی جانب سے بڑھتے دباؤ کو انفینٹینو کی فیفا صدر کے طور پر چوتھی مدت کے لیے کوشش کے لیے اہم دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسپین نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، 16 سال بعد عالمی چیمپئن بن گیا

ویلز فٹبال ایسوسی ایشن انفینٹینو کی حمایت واپس لینے والی پہلی ہوم نیشن تھی، جس کے بعد انگلش فٹبال ایسوسی ایشن نے بھی ان کی حمایت سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا۔

انفینٹینو کو حالیہ دنوں میں ورلڈ کپ کے تجارتی حقوق میں نجی سرمایہ کاروں کو حصہ دینے کے مجوزہ منصوبے پر بھی شدید تنقید کا سامنا ہے۔ یوئیفا، اے ایف سی اور کونکاکاف کے سربراہان نے مشترکہ خط میں فیفا کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

تینوں کنفیڈریشنز کا کہنا ہے کہ فٹبال کی قیادت کسی ایک فرد کی ملکیت نہیں بلکہ یہ کھیل سے وابستہ تمام اداروں اور دنیا بھر کے شائقین کی امانت ہے۔

جانی انفینٹینو کے خلاف اعتماد کے بحران کے حوالے سے تینوں کنفیڈریشنز کی جانب سے سخت مؤقف سامنے آیا ہے، جبکہ یوئیفا کی جانب سے فیفا کے بعض مقابلوں کے بائیکاٹ کی دھمکی بھی دی جاچکی ہے۔ یوں عالمی فٹبال کی بڑی تنظیموں کی جانب سے بڑھتی ہوئی مخالفت نے فیفا صدر کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

Scroll to Top