والدین کا بچھڑ جانا زندگی کا ناقابلِ تلافی نقصان ہے، سردار ایاز صادق

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق رکن قومی اسمبلی اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کی رہائش گاہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

سردار ایاز صادق نے بیرسٹر گوہر علی خان اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا کرنے کی بھی دعا کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ والدین کا بچھڑ جانا انسان کی زندگی کا ناقابلِ تلافی نقصان اور انتہائی بڑا صدمہ ہوتا ہے، جبکہ ماں کا سایہ سر سے اٹھ جانا ایسا دکھ ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ والدین کی محبت، شفقت اور دعاؤں کا دنیا میں کوئی نعم البدل نہیں، ان کی جدائی ہمیشہ ایک گہرا خلا چھوڑ جاتی ہے۔ بیرسٹر گوہر علی خان اور ان کا خاندان اس وقت جس کرب اور غم سے گزر رہا ہے، وہ اس مشکل گھڑی میں ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : محسن نقوی کی بیرسٹر گوہر سے ملاقات، والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت

سردار ایاز صادق نے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت اور بلندیِ درجات کی دعا کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان، ان کے اہل خانہ اور دیگر سوگواران کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ غم اور مشکل کی گھڑی میں عزیز و اقارب اور دوستوں کی جانب سے اظہارِ ہمدردی سوگوار خاندان کے لیے حوصلے کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے بیرسٹر گوہر علی خان اور ان کے اہل خانہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

Scroll to Top