ای سی سی نے پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن بڑھانے کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پٹرولیم مصنوعات، بالخصوص پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل، پر ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری دے دی۔

پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے مارجن پر نظرثانی کی سمری اجلاس میں پیش کی گئی، جس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اضافے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، علی پرویز ملک اور احد خان چیمہ سمیت متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس سے قبل وزیر پٹرولیم کی یقین دہانی کے بعد پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش کے مطابق وزیر پٹرولیم نے ڈیلرز کے منافع مارجن میں ایک روپے 34 پیسے اضافے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر کی جانب سے شہریوں کو 5 لیٹر مفت پٹرول دینے کا اعلان

نائب چیئرمین طارق حسن کے مطابق ڈیلرز نے مارجن میں 8 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ مجوزہ اضافے کے بعد پٹرول پر ڈیلرز مارجن تقریباً 10 روپے فی لیٹر ہوجائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ ردوبدل کے بجائے سات روزہ نظام پر بھی غور کر رہی ہے، جس کا حتمی فیصلہ ای سی سی اور وفاقی کابینہ کرے گی۔

Scroll to Top