شدید گرمی میں بھی پُرسکون نیند ممکن، ماہرین نے آسان طریقے بتا دیے

موسمِ گرما کی شدید گرمی اور حبس رات کی نیند کا سکون چھین لیتے ہیں، جس کے باعث لوگ بستر پر کروٹیں بدلتے رہتے ہیں۔

ماہرینِ نیند کے مطابق چند سادہ احتیاطی تدابیر اپنا کر گرم راتوں میں بھی پُرسکون نیند حاصل کی جاسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق رات کے وقت جسم کا درجہ حرارت قدرتی طور پر کم ہوتا ہے، جس سے نیند کے لیے ضروری ہارمون میلاٹونن کے اخراج میں مدد ملتی ہے۔

شدید گرمی میں جسم مطلوبہ حد تک ٹھنڈا نہ ہوپانے کے باعث پسینہ آتا ہے اور نیند بار بار متاثر ہوتی ہے۔ ایسے میں گھڑی دیکھنا اور نیند نہ آنے پر پریشان ہونا مسئلے کو مزید بڑھا سکتا ہے۔

اگر گرمی کے باعث نیند نہ آرہی ہو تو زبردستی سونے کے بجائے کچھ دیر بستر سے اٹھ کر جسم کو ٹھنڈا کرنا بہتر ہے۔ غنودگی محسوس ہونے پر دوبارہ بستر پر جائیں۔

دن کے وقت پردے یا بلائنڈز بند رکھیں تاکہ دھوپ کی گرمی کمرے میں داخل نہ ہو۔ رات کو درجہ حرارت کم ہونے کی صورت میں کھڑکیاں کھول کر ہوا کی آمدورفت بہتر بنائیں۔ ایئر کنڈیشنر نہ ہو تو گھر کے نسبتاً ٹھنڈے حصے یا نچلی منزل پر سونا بھی مفید ہوسکتا ہے۔

سونے کے لیے سوتی یا لینن کی ہلکی چادریں اور ڈھیلے کپڑے استعمال کریں۔ گردن یا کلائیوں پر ٹھنڈا گیلا تولیہ رکھنے سے بھی وقتی سکون مل سکتا ہے۔

سونے سے قبل کیفین، الکحل اور بھاری کھانے سے پرہیز کریں۔ پانی مناسب مقدار میں پئیں، تاہم سونے سے فوراً پہلے بہت زیادہ پانی پینے سے گریز کریں۔

یہ بھی پڑھیں: نیند پوری نہ کرنا کینسر سے کتنا جڑا ہے؟ تحقیق میں حیران کن انکشاف

شدید گرمی میں بزرگ افراد، شیر خوار بچوں اور چھوٹے بچوں پر خصوصی توجہ ضروری ہے۔ ذہنی الجھن، بے ہوشی، غیر معمولی کمزوری یا جسم کا درجہ حرارت بہت بڑھنے کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کریں۔

Scroll to Top