پشاور میں دن دیہاڑے نشئی 11 ہزار وولٹ کے کھمبے پر چڑھ گیا، بجلی 10 گھنٹے بند

پشاور: شہر میں منشیات کے عادی افراد کے خلاف کارروائیوں کے دعووں کے باوجود صورتحال میں بہتری نہ آسکی۔ باچا خان چوک میں دن دیہاڑے ایک نشئی شخص 11 ہزار وولٹ کی بجلی کی لائن کاٹنے کے لیے کھمبے پر چڑھ گیا، جس سے شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوگئے۔

واقعے کے باعث شاہی باغ گرڈ سے بجلی کی فراہمی تقریباً 10 گھنٹے کے لیے بند کردی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق نشئی شخص بجلی کے کھمبے پر چڑھ کر لائن کاٹنے کی کوشش کر رہا تھا، جسے پیسکو اہلکاروں اور شہریوں نے روکنے کی بھرپور کوشش کی۔

 

بعد ازاں نشئی شخص

کو بجلی کے کھمبے سے اتار لیا گیا، تاہم واقعے نے ضلعی انتظامیہ اور حکومتی اقدامات پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈرگ فری پشاور کے لیے خطیر فنڈز خرچ کیے جانے کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات کے عادی افراد کی موجودگی بدستور ایک بڑا مسئلہ ہے۔ مقامی افراد کے مطابق حیات آباد، گلبرگ، نوتھیہ، صدر، کوہاٹ روڈ، فردوس پھاٹک، ہشتنگری اور گلبہار سمیت مختلف علاقوں میں نشئی افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایل آر ایچ پشاورمیں ایکسرے کے لیے طویل قطاریں، مریض اور تیماردار شدید پریشان

شہریوں نے الزام عائد کیا کہ نشے کے عادی افراد کی موجودگی کے باعث بجلی اور گیس کے میٹرز، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان کی چوری کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے، تاہم ان کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات نظر نہیں آتے۔

عوام نے کمشنر پشاور اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور شہر کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا خاتمہ اور نوجوان نسل کو نشے کی لعنت سے محفوظ بنایا جاسکے۔

Scroll to Top