خضدار میں سیکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاعات پر کارروائی ،10 دہشتگرد ہلاک

Pakistan SCO Summit 2026

بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئےفتنہ الہندوستان کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خضدار کے شور پرود کے پہاڑی علاقے میں فتنہ الہندوستان کی موجودگی کی اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے مختلف ٹھکانوں کو گھیرے میں لے کر موثر کارروائی کی گئی۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 10 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دہشت گردوں کی موجودگی کے ممکنہ مقامات کی تلاشی کا عمل شروع کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مزید تیز کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے، فورسز کی جانب سے علاقے میں مشتبہ ٹھکانوں اور راستوں کی بھی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ ملک میں امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پرکارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top