فضل نبی
نوشہرہ: تاروجبہ میں غیر قانونی آئل گوداموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر پبی مریم حمید نے شہید روڈ، علی بیگ کے علاقے میں قائم دو گوداموں کا اچانک معائنہ کیا اور انہیں سیل کردیا۔
انتظامیہ کے مطابق کارروائی کے دوران دونوں گوداموں میں ایک ٹینکر سے دوسرے ٹینکر اور گیلنوں میں پٹرول منتقل کیا جا رہا تھا۔ حکام کے مطابق پٹرول کی اس طرح منتقلی قوانین کی خلاف ورزی اور خطرناک سرگرمی کے زمرے میں آتی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر پبی نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں غیر قانونی آئل گوداموں کو سیل کردیا۔
دوسری جانب عوامی حلقوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر مذکورہ گودام غیر قانونی ہیں اور وہاں پٹرول کی منتقلی بھی قانون کے برخلاف کی جا رہی تھی تو چند روز بعد یہی گودام دوبارہ کیسے کھل جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آپریشن ردالفتنہ 3، بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 دہشت گرد جہنم واصل
عوامی حلقوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ غیر قانونی طور پر ایک گاڑی یا ٹینکر سے دوسرے ٹینکر اور گیلنوں میں منتقل کیا جانے والا پٹرول موقع پر ضبط کیوں نہیں کیا جاتا اور مبینہ طور پر ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمات کا اندراج کیوں نہیں ہوتا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف گوداموں کو سیل کرنا کافی نہیں، بلکہ غیر قانونی آئل کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی، مقدمات کا اندراج اور غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیے گئے پٹرول سمیت دیگر سامان کی ضبطی بھی ضروری ہے۔
عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی آئل گوداموں کے خلاف مستقل اور مؤثر کارروائی کی جائے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ سیل کیے گئے گودام دوبارہ کھولے جانے کی صورت میں ذمہ دار افراد اور متعلقہ اہلکاروں کا بھی تعین کیا جائے تاکہ کسی ممکنہ حادثے یا بڑے سانحے سے قبل خطرناک غیر قانونی کاروبار کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔





