خیبرپختونخوا میں دودھ چیکنگ مہم، 53 ہزار 478 لیٹر غیر معیاری دودھ تلف

سلمان یوسفزئی
پشاور: خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے صوبے بھر میں ایک ماہ تک جاری رہنے والی خصوصی دودھ چیکنگ مہم مکمل کرلی گئی، جس کے دوران 53 ہزار 478 لیٹر غیر معیاری دودھ تلف کردیا گیا۔

فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق خصوصی مہم کے دوران دودھ بردار گاڑیوں، ڈیری فارمز اور دودھ کی دکانوں کی چیکنگ کی گئی، جبکہ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے ذریعے مجموعی طور پر1205 دودھ کے نمونے چیک کیے گئے۔

حکام کے مطابق 1205 نمونوں میں سے 938 کو معیاری جبکہ 267 کو غیر معیاری قرار دیا گیا، یوں مجموعی طور پر 78 فیصد دودھ کے نمونے معیار کے مطابق پائے گئے۔

فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق غیر معیاری دودھ میں پانی، کاسٹک سوڈا، مختلف کیمیکلز اور فارملین کی ملاوٹ کے علاوہ کم چکنائی سمیت دیگر اقسام کی ملاوٹ بھی سامنے آئی۔

مہم کے دوران دودھ کے معیار سے متعلق خلاف ورزیوں پر متعلقہ کاروباری افراد کو مجموعی طور پر 47 لاکھ 60 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ متعدد کاروباری افراد کو اصلاحی اقدامات کے لیے امپروومنٹ نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : تاروجبہ میں غیر قانونی آئل گوداموں کے خلاف کارروائی، دو گودام سیل

خصوصی مہم کے دوران 143 دودھ بردار گاڑیوں کی رجسٹریشن بھی کی گئی۔ حکام کے مطابق بین الصوبائی اور بین الاضلاعی راستوں پر ناکہ بندیوں کے دوران دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی تاکہ دودھ کے معیار اور سپلائی کے عمل کی نگرانی کی جاسکے۔

اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں 314، ڈیرہ اسماعیل خان میں 153، ایبٹ آباد میں 111 جبکہ سوات میں 81 دودھ کے نمونے چیک کیے گئے۔

خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ڈاکٹر محمد اسرار خان کے مطابق دودھ بردار گاڑیوں کی رجسٹریشن سے سپلائی چین کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنے میں مدد ملے گی اور دودھ کے سورس سمیت سپلائی سے متعلق مکمل معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے چیکنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

Scroll to Top