- امریکہ نے عالمی فوجداری عدالت کی صدر اور سینئر پراسیکیوٹر پر پابندیاں عائد کر دیں۔
امریکی اعلیٰ حکام کے مطابق یہ پابندیاں عالمی فوجداری عدالت کی صدر اور جاپانی جج توموکو اکانے اور سینئر پراسیکیوٹر عبداللہ پر عائد کی گئی ہیں جن کا تعلق سینیگال سے ہے۔
مارکو روبیو کے مطابق ان دونوں افراد نے ایسے ممالک کے حکام کے خلاف تحقیقات، گرفتاری، حراست یا مقدمات چلانے کی کوششوں میں براہ راست کردار ادا کیا جن کی حکومتوں نے عالمی فوجداری عدالت کے دائرۂ اختیار کو تسلیم نہیں کیا۔
امریکی پابندیوں میں ان افراد کے امریکا میں موجود اثاثے منجمد ہوسکتے ہیں اور امریکی مالیاتی نظام تک ان کی رسائی بھی محدود ہوجاتی ہے جبکہ عالمی فوجداری عدالت کی صدر ٹوموکو اکانے سے متعلق بعض لین دین کو 17 ستمبر تک ختم کرنے کے لیے ایک محدود مدت کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
عالمی فوجداری عدالت نے امریکی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پابندیاں قانون کی حکمرانی کو نقصان پہنچاتی ہیں، جب قانون پر عمل درآمد کرنے والے عدالتی اہلکاروں کو دھمکیوں کا سامنا ہو تو اس سے پورا بین الاقوامی قانونی نظام خطرے میں پڑ جاتا ہے۔
واضح رہے کہ عبداللہ اس پراسیکیوشن ٹیم کا حصہ ہیں جس نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست کی تھی۔





