وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ 3 رکنی بینچ کا فیصلہ تاریخی اور انصاف پر مبنی ہے، آج انصاف ہوتا ہوا نظر آیا، تاہم تحریک انصاف کے مطالبات تاحال پورے نہیں ہوئے، اس لیے مارچ بھی برقرار ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو شفا ہسپتال میں کب تک علاج کی ضرورت ہے، اس کا فیصلہ بورڈ کرے گا۔ صحتیابی تک بانی پی ٹی آئی شفا ہسپتال میں ہی رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف چاہتی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز کی سماعت ہو اور میرٹ پر فیصلے کیے جائیں۔ ان کے بقول بانی پی ٹی آئی اگر ڈپریشن میں آتے تو پہلے 100 دن میں ہی اس کا اظہار ہو جاتا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے رپورٹ جمع کرائی ہے، تحریک انصاف نے نہیں، اس لیے اس معاملے کی ذمہ داری بھی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ ڈاکٹر عظمیٰ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں گی، تاہم وہ میڈیا سے گفتگو نہیں کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں : ہسپتال منتقلی کے بعد عمران خان کے کمرے کی سکیورٹی جیل انتظامیہ کے پاس ہوگی، ذرائع
شفیع جان نے بتایا کہ 265 دن بعد بانی پی ٹی آئی سے ان کی بہن کی ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کو جو کچھ حاصل ہوا ہے، وہ اسے کھونا نہیں چاہتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے جو یقین دہانیاں کرائی ہیں، ان پر قائم رہے گی اور اپنی تمام یقین دہانیوں کا پاس رکھا جائے گا۔





