خیبرپختونخوا کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے پشاور سے دیگر اضلاع کے درمیان موٹر وے کے ذریعے بین الاضلاعی بی آر ٹی طرز کی بس سروس شروع کرنے کے منصوبے پر کام کا آغاز کردیا۔
حکام کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت پشاور کو نوشہرہ، مردان، صوابی اور چارسدہ سے جدید بی آر ٹی طرز کی بس سروس کے ذریعے منسلک کیا جائے گا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے منصوبے کی فیزیبلٹی اسٹڈی جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے دوران مجوزہ روٹس، منصوبے کی لاگت اور بی آر ٹی اسٹیشنز کے قیام کے لیے موزوں مقامات کا تعین کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ موٹر وے پر بی آر ٹی طرز کی بسیں چلانا جی ٹی روڈ کے مقابلے میں نسبتاً آسان ہوگا۔ مجوزہ سروس شروع ہونے سے پشاور اور ملحقہ اضلاع کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو جدید سفری سہولت میسر آنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد اور راولپنڈی میں مسلسل دوسرے روز بھی موسلادھار بارش، کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق فیزیبلٹی اسٹڈی مکمل ہونے کے بعد منصوبے کی مجموعی لاگت، روٹس، اسٹیشنز اور دیگر تکنیکی تفصیلات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
حکام کے مطابق بین الاضلاعی بی آر ٹی منصوبے کا بنیادی مقصد پشاور اور دیگر اضلاع کے درمیان جدید، مؤثر اور بہتر پبلک ٹرانسپورٹ کا رابطہ قائم کرنا ہے۔





