اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات، بالخصوص ڈیزل کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو اہم ہدایات جاری کردیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کی، جس میں ایندھن کی قیمتوں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وزیر پیٹرولیم کو فوری طور پر کراچی پہنچنے اور مقامی آئل ریفائنریز سے مذاکرات کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مقامی ریفائنریز میں ڈیزل کی بڑی مقدار تیار ہوتی ہے، اس لیے عوام کو قیمتوں میں کمی کا فائدہ پہنچانے کے لیے ریفائنریز کے ساتھ مذاکرات جلد مکمل کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بارپھر اضافہ،نوٹیفکیشن جاری
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ مقامی طور پر تیار ہونے والے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور عوام کو پیٹرولیم مصنوعات، خصوصاً ڈیزل کی قیمتوں میں ممکنہ حد تک فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔





