اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی فوجداری عدالت کے اعلیٰ عہدیداروں پر امریکہ کی جانب سے عائد نئی پابندیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک کے مطابق سیکرٹری جنرل نے آئی سی سی کی صدر ٹوموکو اکانے اور عدالت کے سینئر ٹرائل وکیل عبداللہ سیے پر امریکی کی جانب سے عائد پابندیوں پر تشویش ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ عالمی فوجداری عدالت کو بین الاقوامی فوجداری انصاف کا اہم ستون سمجھتا ہے اور اس کے کام کا مکمل احترام کرتا ہے۔
واشنگٹن کا مؤقف ہے کہ آئی سی سی نے ایسے ممالک کے حکام کے خلاف کارروائی کی کوشش کی جنہوں نے عدالت کے دائرہ اختیار کو تسلیم نہیں کیا۔
آئی سی سی نے امریکی اقدام کو عدالت کی آزادی اور بین الاقوامی قانون کی حکمرانی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے مذمت کی، جاپان سمیت متعدد ممالک نے بھی امریکی پابندیوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے 18 اگست کو آئی سی سی کی صدر اور سینئر ٹرائل وکیل عبداللہ سیے پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔





