صوابی میں طغیانی، متعدد گھروں میں پانی داخل، سڑکیں زیرآب آگئیں

صوابی: شدید بارش کے باعث صوابی کے مختلف علاقوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں متعدد گھروں میں پانی داخل ہوگیا جبکہ اہم شاہراہوں پر کئی فٹ پانی اور سیلابی ریلے جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق مردان روڈ پر واقع موضع منصب دار میں طغیانی کے باعث کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔ اسی طرح جہانگیرہ روڈ، کھنڈہ موڑ اور انبار کے علاقوں میں بھی سیلابی ریلوں اور کئی فٹ پانی کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں : صوابی: دریائے سندھ میں لاپتہ افراد کی تلاش جاری، شکیل ماندوری کی لاش برآمد

اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 صوابی کی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے خواتین سمیت متعدد افراد کو متاثرہ گھروں سے بحفاظت نکالا اور محفوظ مقامات پر منتقل کردیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق شدید بارش اور طغیانی کے خدشے کے پیش نظر تمام متعلقہ ٹیموں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں صورتحال کی مسلسل نگرانی بھی جاری ہے۔

Scroll to Top