وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی فوری مالی معاونت کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیاں اور بحالی کے کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
حالیہ بارشوں، مون سون کی صورتحال اور جاری امدادی کارروائیوں کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران وزیراعظم کو متاثرہ علاقوں، نقصان کے تخمینے اور امدادی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ اس مشکل گھڑی میں متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں تک مالی معاونت، غذائی اشیا اور دیگر ضروری امدادی سامان کی فراہمی میں بلا تاخیر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ وہ اپنی فوری ضروریات پوری کر سکیں۔
وزیراعظم نے تمام وفاقی وزرا اور سیکریٹریز کو متاثرہ علاقوں کا خود دورہ کرنے اور بحالی کے کاموں کی براہِ راست نگرانی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے نمائندے ميدان میں موجود رہ کر انتظامی رکاوٹوں کو دور کریں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
اجلاس میں بنیادی ڈھانچے کی تباہی کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیراعظم نے تباہ شدہ گھروں، سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچر کی فوری بحالی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں معمولاتِ زندگی کی جلد از جلد بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل کارآمد لائے جائیں۔





