وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے اور علاج معالجے کے حوالے سے معزز عدالت کے احکامات پر حرف بحرف عمل درآمد کیا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اس معاملے پر محض سیاسی ڈرامے بازی اور جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے وضاحت کی کہ بانی پی ٹی آئی کا عدالتی حکم پر طبی معائنہ کروایا گیا اور جس وقت معائنہ ہوا اس وقت ان کی ہمشیرہ بھی وہاں موجود تھیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے معزز عدالت کی منشاء کے مطابق تمام امور مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیے اور حقائق لمحہ بہ لمحہ قوم کے سامنے رکھے۔ ہماری طرف سے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے ایک بھی سیاسی بیان سامنے نہیں آیا، کیونکہ ہم جب اپوزیشن میں تھے تب بھی ہمارا یہی موقف تھا کہ صحت کے معاملے پر سیاست نہ کی جائے اور اس اصول پر ہمارے موقف میں آج بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کے ماضی کے رویے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اپنے دورِ حکومت میں وہ دوسروں کی صحت پر طنز اور تضحیک آمیز گفتگو کرتے تھے جبکہ موجودہ حکومت نے کبھی بھی کسی کی صحت پر توہین آمیز رویہ نہیں اپنایا اور نہ ہی کبھی بانی پی ٹی آئی کا علاج روکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے نظرثانی اپیل میں تمام قیدیوں کے لیے یکساں سہولتوں کی فراہم کے حوالے سے ہی سوال اٹھایا تھا۔
وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ معزز عدالت کے واضح احکامات تھے کہ اس معاملے پر سیاست نہیں کی جائے گی، تو شفا ہسپتال کے باہر ٹولیوں کی شکل میں لوگ کس نے اکٹھے کیے؟ اور پریس کانفرنس کر کے عدالتی حکم کی عدولی کس نے کی؟ عمران خان کی بہن اور ان کی پارٹی نے ہسپتال کے باہر ہنگامہ آرائی اور سیاست کر کے عدالتی احکامات کی سنگین خلاف ورزی کی ہے اور اپنی ہی دی گئی یقین دہانیوں کی نفی کی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب اور پاکستان بار کونسل نے بھی پی ٹی آئی کے اس سیاسی پروپیگنڈے سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔ بار کونسلز نے واضح کیا ہے کہ کسی رکن کے انفرادی بیان کا کونسل سے کوئی تعلق نہیں اور تنبیہ کی ہے کہ ان کا نام سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم کا سیلاب متاثرین کی فوری مالی معاونت کا حکم، وفاقی وزرا کو متاثرہ علاقوں کے دورے کی ہدایت
عطاء اللہ تارڑ نے زور دے کر کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج باقاعدگی سے ہو رہا ہے لہٰذا پی ٹی آئی اس معاملے پر سیاست کر کے مزید عدالتی حکم کی خلاف ورزی سے باز رہے۔





