پی ٹی اے نے وٹس ایپ صارفین کو خبر دار کردیا

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر کے صارفین کے لیے اہم ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ غیر فعال، منسوخ یا زیر استعمال نہ رہنے والی سموں پر رجسٹرڈ واٹس ایپ اکاؤنٹس کو کسی بھی وقت بلاک کیا جا سکتا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیان کے مطابق غیر فعال موبائل نمبرز پر قائم واٹس ایپ اکاؤنٹس کو فراڈ، دھوکا دہی، سائبر کرائمز اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جانے کا شدید خدشہ رہتا ہے جس کے پیش نظر ایسے تمام اکاؤنٹس کے خلاف بلا تاخیر سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔

پی ٹی اے نے تفصیلات بتاتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ جب کوئی موبائل نمبر بند یا منسوخ ہو جاتا ہے تو ٹیلی کام قوانین کے تحت وہ نمبر بعد میں کسی دوسرے صارف کو جاری (Re-issue) کر دیا جاتا ہے۔ ایسی صورت میں سابق صارف کی ذاتی معلومات، تصاویر، چیٹ ہسٹری اور واٹس ایپ اکاؤنٹ کے غلط استعمال کا خطرناک حد تک امکان بڑھ جاتا ہے جو صارف کی پرائیویسی کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

ترجمان پی ٹی اے نے صارفین کو باضابطہ ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ صرف اور صرف اسی موبائل نمبر سے منسلک ہو جو اس وقت فعال (Active) ہے اور ان کے اپنے ذاتی استعمال میں ہے۔

پی ٹی اے نے ایسے تمام صارفین کو، جن کے پاس پہلے سے استعمال شدہ موبائل نمبرز بند یا غیر فعال ہو چکے ہیں، یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر “چینج نمبر” (Change Number) کا فیچر استعمال کریں اور اپنے تمام ڈیٹا و واٹس ایپ اکاؤنٹ کو فوری طور پر نئے اور فعال نمبر پر منتقل کر لیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا اسمبلی نے احساس ریڑھی بان بل منظور کر لیا،نیشنل انفلوئنسرز کا خیر مقدم

پی ٹی اے حکام کا مزید کہنا تھا کہ اس اہم اقدام کا بنیادی مقصد ملک میں ڈیجیٹل سیکیورٹی کو یقینی بنانا، عام شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کا تحفظ کرنا اور سائبر فراڈ کی روک تھام کرنا ہے۔ اتھارٹی نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا تاخیر اپنی سمز کا موجودہ اسٹیٹس چیک کریں اور ضرورت پڑنے پر اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو فعال نمبر پر شفٹ کر لیں۔

Scroll to Top