پاکستان رینجرز پنجاب میں 964 آسامیوں کا اعلان، ملک بھر کے نوجوان درخواست دے سکتے ہیں

اسلام آباد: پاکستان رینجرز (پنجاب) نے سپاہی جنرل ڈیوٹی سمیت مجموعی طور پر 964 ملازمتوں کے لیے ملک بھر سے نوجوانوں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔

اعلان کے مطابق سپاہی جنرل ڈیوٹی کی پانچویں گریڈ کی آسامیوں پر پاکستان بھر سے امیدوار درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ منتخب امیدواروں کو مقررہ تنخواہ کے علاوہ راشن الاؤنس اور وفاقی حکومت کی جانب سے مروجہ منظور شدہ مراعات بھی فراہم کی جائیں گی۔

مجموعی آسامیوں میں سے 72 نشستیں میرٹ کی بنیاد پر مختص کی گئی ہیں، جبکہ 50 فیصد کوٹہ یعنی 482 نشستیں پنجاب سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے لیے مختص ہیں۔ باقی نشستوں پر سندھ (شہری و دیہی)، خیبر پختونخوا، بلوچستان، سابقہ فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے امیدوار درخواست دے سکتے ہیں۔

ملازمتوں کے مجموعی کوٹے میں اقلیتی امیدواروں کے لیے بھی 5 فیصد نشستیں مخصوص رکھی گئی ہیں۔

درخواست دینے کا طریقہ

پاکستان رینجرز (پنجاب) میں بھرتی کے لیے امیدوار آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کا عمل 17 اگست سے شروع ہوکر 26 اگست تک جاری رہے گا۔

رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد امیدواروں کو اپنی آن لائن سلپ پر درج تاریخ کے مطابق منتخب کردہ رجسٹریشن سینٹر پر صبح 8 بجے پہنچنا ہوگا، جہاں ان کا طبی معائنہ، جسمانی ٹیسٹ اور تحریری امتحان لیا جائے گا۔

ملک بھر سے اہل امیدوار مقررہ مدت کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کرکے اس بھرتی کے عمل میں حصہ لے سکتے ہیں۔

Scroll to Top