عالمی سطح پر جاری جنگوں اور غیر یقینی صورتحال کے باعث دنیا بھر کے فوجی اخراجات میں مسلسل گیارہویں سال بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں عالمی دفاعی اخراجات 2.9 فیصد اضافے سے 2 ہزار 887 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ دفاعی اخراجات کرنے والے سرفہرست ممالک میں امریکہ، چین اور روس شامل ہیں، جن کے مجموعی اخراجات عالمی بجٹ کا 51 فیصد بنتے ہیں۔
اگرچہ امریکہ کے فوجی اخراجات میں 7.5 فیصد کمی آئی، تاہم وہ 954 ارب ڈالر کے ساتھ بدستور سرفہرست رہا،عالمی سطح پر اس اضافے کی سب سے بڑی وجہ یورپ بنا جہاں دفاعی اخراجات میں 14 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آپریشن سندور میں بدترین شکست کے باوجود مودی کا جنگی جنون برقرار
رپورٹ کے مطابق بھارت کے فوجی اخراجات میں 8.9 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 92 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے، جبکہ پاکستان کے دفاعی اخراجات 11 فیصد اضافے کے بعد 11.9 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کے دفاعی اخراجات 4.9 فیصد کمی کے ساتھ 48.3 ارب ڈالر اور ایران کے اخراجات مسلسل دوسرے سال کم ہو کر 7.4 ارب ڈالر رہ گئے۔





