ایف آئی اے پشاور زون نے جعلی ویزے کے ذریعے شہری کو بیرونِ ملک بھجوانے کے الزام میں نامزد ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق مسافر بختی روان کو 28 اگست 2026 کو تھائی لینڈ کے شہر بینکاک سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا، تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مسافر نے جعلی طریقے سے اپنا وزٹ ویزہ ایمپلائمنٹ ویزے میں تبدیل کروایا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق مسافر نے مذکورہ جعلی ایمپلائمنٹ ویزے کی بنیاد پر پروٹیکٹر رجسٹریشن بھی حاصل کی اور اسی ویزے پر باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور سے بیرونِ ملک روانہ ہوا۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ایجنٹ نور محمد نے مسافر کے لیے جعلی ویزے کا انتظام کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: فلائٹ سے پہلے ایف آئی اے کا بڑا ایکشن! جعلی دستاویزات کیساتھ بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام
ایف آئی اے ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے تھانہ لُنڈ خوڑ، مردان کی حدود میں چھاپہ مارا جہاں سے ایف آئی آر نمبر 132/2026، مورخہ 28 اگست 2026 میں نامزد ایجنٹ نور محمد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔





