پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیرصدارت اجلاس میں منصوبے کا جائزہ لیا گیا، جہاں وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو خواتین میں الیکٹرک اسکوٹیز کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں پشاور کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی، جبکہ اگلے مرحلے میں اس منصوبے کو خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : بیرون ملک فرار اشتہاریوں کو انٹرپول کے ذریعے پشاور لانے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ الیکٹرک اسکوٹیز کی فراہمی سے خواتین کو تعلیم اور روزگار تک محفوظ اور آسان رسائی حاصل ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ منصوبے سے خواتین کی معاشی خودمختاری کو فروغ ملے گا جبکہ الیکٹرک اسکوٹیز کے استعمال سے فضائی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبے کے ذریعے خواتین کے لیے تعلیم اور روزگار تک آمدورفت کو مزید آسان اور محفوظ بنایا جائے گا۔





