پشاور: پشاور پولیس نے مختلف مقدمات میں مطلوب اور بیرون ملک فرار ہونے والے جرائم پیشہ عناصر اور اشتہاری ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق انٹرپول کے ذریعے بیرون ممالک سے جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کو پاکستان منتقل کرنا پولیس کا قانونی حق ہے۔ کریمینل ریکارڈ رکھنے والے ایسے افراد جہاں کہیں بھی موجود ہوں، انہیں قانونی طریقہ کار کے تحت پشاور لایا جائے گا۔
پشاور پولیس کے مطابق بیرون ملک فرار ہونے والے مختلف مقدمات میں مطلوب ملزمان کی فہرستیں پہلے ہی مرتب کی جاچکی ہیں، جبکہ مزید مفرور ملزمان کو بھی انٹرپول کے ذریعے پاکستان منتقل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں ممتاز عرف ممتازے اور پولیس پر حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار
پولیس حکام کے مطابق پہلی مرتبہ ایک اشتہاری ملزم کو بحرین سے انٹرپول کے ذریعے پشاور منتقل کیا گیا، جس کے بعد دیگر مطلوب ملزمان کو بھی واپس لانے کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پیر کے روز سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ممتاز عرف ممتازے کو بھی انٹرپول کے ذریعے پشاور منتقل کیا گیا تھا، جو بعد ازاں مخالفین کے حملے میں ہلاک ہوگیا تھا۔





