کراچی: پاکستان اور عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں دو روزہ تیزی کے بعد ایک بار پھر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں 24 کیرٹ فی تولہ سونا 3600 روپے سستا ہوکر 4 لاکھ 65 ہزار 536 روپے کا ہوگیا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 3086 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 99 ہزار 122 روپے پر آگئی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت میں 63 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد چاندی کا بھاؤ 7098 روپے ہوگیا۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 36 ڈالر سستا ہوکر 4430 ڈالر پر آگیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے 98 کیسز رپورٹ
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3900 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اس سے قبل عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں نمایاں تیزی دیکھی گئی تھی اور اسپاٹ گولڈ کی قیمت ایک موقع پر 2.9 فیصد تک بڑھ کر 4500 ڈالر فی اونس کی سطح سے تجاوز کرگئی تھی۔
بلومبرگ کے مطابق یہ تقریباً دو ہفتوں کے دوران ایک دن میں سونے کی قیمت میں ہونے والی سب سے بڑی تیزی تھی۔
اس دوران ڈالر کے مقابلے میں جاپانی ین سمیت بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں ین کی قدر میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔





