فن لینڈ سے تعلق رکھنے والی معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اولیویا اوراس 27 برس کی عمر میں کاسمیٹک سرجری کے دوران مبینہ پیچیدگیوں کے باعث جان کی بازی ہار گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اولیویا ہیلسنکی کے ایک نجی بیوٹی کلینک میں کاسمیٹک طریقۂ کار کے لیے موجود تھیں، جہاں انہیں بے ہوشی کی دوا دی گئی، تاہم اس کے بعد انہیں دوبارہ ہوش نہ آسکا اور ان کی حالت تشویش ناک ہوگئی۔
صورتحال بگڑنے پر اولیویا کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
اولیویا کے والدین نے بھی بیٹی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بے ہوشی کی دوا دیے جانے کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زیرِ علاج رہیں، تاہم بعد ازاں ان کا انتقال ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: نوشہرہ: معروف عالم دین مولانا انور حقانی کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گئے
والدین نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ کاسمیٹک سرجری کے دوران بیوٹی کلینک کے عملے سے ممکنہ طور پر کوئی سنگین غلطی ہوئی، جس کے باعث اولیویا کی حالت بگڑی اور ان کی موت واقع ہوئی۔
ہیلسنکی پولیس کے مطابق اولیویا کی موت کے تین روز بعد واقعے کی تحقیقات کے لیے باضابطہ درخواست موصول ہوئی، جس کے بعد پولیس نے ممکنہ مجرمانہ غفلت اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور تحقیقات مکمل ہونے تک موت کی حتمی وجہ یا کسی ممکنہ غفلت کے بارے میں حتمی رائے قائم نہیں کی جاسکتی۔





