نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا موجودہ انتظامی ڈھانچہ عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکا ہے، اس لیے نئے صوبوں اور انتظامی اکائیوں کا قیام اب وقت کا اہم تقاضہ بن گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ عام آدمی روزگار، علاج، تعلیم اور صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہے جبکہ مہنگائی کی چکی میں بری طرح پس رہا ہے۔
این ڈی سی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ملک کو بہتر طرزِ حکمرانی، ایک مؤثر انتظامی نظام اور قومی وسائل کے منصفانہ استعمال کی اشد ضرورت ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی تجویز پر کسی تعصب کے بغیر کھلے دل اور سنجیدگی کے ساتھ قومی سطح پر بحث و مباحثہ ہونا چاہیے۔





