پشاور: پشاور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے کیس سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے۔ رپورٹ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ریڈیو پاکستان کیس میں ملوث ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ریڈیو پاکستان حملہ کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت پشاور میں ہوئی۔ دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے پولیس رپورٹ عدالت میں پیش کی، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے کیس میں ملوث ہونے کی تصدیق کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹس بھی پولیس کی جانب سے عدالت میں پیش کردی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : 9 مئی کے مقدمات میں نامزد پی ٹی آئی رہنما اعجاز خان جازی گرفتار
آئندہ سماعت پر دیگر سرکاری محکموں کی رپورٹس اور فرانزک رپورٹس کی روشنی میں تمام فریقین کے دلائل سنے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پولیس رپورٹ عدالت میں جمع کرانے میں تاخیر ہوئی، تاہم اعلیٰ پولیس حکام کی ہدایت پر بالآخر رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔
عدالت نے پولیس رپورٹ پر فریقین کے دلائل سننے کے لیے کیس کی سماعت 14 ستمبر 2026 تک ملتوی کردی۔





