یوٹیوب نے مشترکہ ٹی وی استعمال کرنے والے صارفین کی پرائیویسی کو مدنظر رکھتے ہوئے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
صارفین نئے فیچر کے ذریعے اپنے یوٹیوب پروفائل کو چار ہندسوں کے کوڈ سے لاک کرسکے گا۔
یوٹیوب کے سی ای او نیل موہن کے مطابق اکاؤنٹ لاک فیچر اب دنیا بھر میں صارفین کے لیے دستیاب کیا جا رہا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے گھر کے دیگر افراد صارف کے پروفائل تک رسائی حاصل نہیں کرسکیں گے، نہ سبسکرپشنز دیکھ سکیں گے اور نہ ہی ویڈیوز کی سفارشات میں تبدیلی کرسکیں گے۔
پروفائل کو لاک کرنے کے لیے ٹی وی پر یوٹیوب ایپ کی بائیں جانب موجود نیویگیشن بار میں سیٹنگز کے ذریعے فیچر کو فعال کیا جاسکتا ہے۔ تاہم یہ لاک ہر ڈیوائس پر الگ سے سیٹ کرنا ہوگا، یعنی اگر ایک گھر میں دو مختلف ٹی وی یا ڈیوائسز پر یوٹیوب استعمال کیا جارہا ہے تو دونوں کے لیے علیحدہ لاک درکار ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب کو ٹکر دینے کے لیے نیا پلیٹ فارم تیار
نئے فیچر کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ صارف کو ہر بار ریموٹ کے ذریعے چار ہندسوں کا کوڈ درج کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ لاک شدہ پروفائل منتخب کرنے کے بعد صارف اپنے موبائل فون پر موجود یوٹیوب ایپ کے ذریعے بھی پروفائل ان لاک کرسکے گا، تاہم اس کے لیے نوٹیفکیشن فیچر فعال ہونا ضروری ہے۔





