اسلام آباد: موجودہ صورتحال کے پیش نظر جان و مال کے تحفظ اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے اسٹیٹ لائف اسلام آباد زون کے ہائی رائز ٹاور میں فائر سیفٹی اور بلڈنگ ایویکویشن ڈرل سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
یہ مشق چیف ایگزیکٹو آفیسر اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان شعیب حسین جاوید کے وژن اور ہدایات کی روشنی میں منعقد کی گئی، جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر، چیف انجینئر اور ڈویژنل ہیڈ رئیل اسٹیٹ کی جانب سے جاری سخت احکامات کو بھی مدنظر رکھا گیا۔
ڈیپٹی منیجر انچارج اسٹیٹ لائف ٹاور اسلام آباد انیل زیب محسود کی سربراہی میں ہونے والے سیشن میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور سول ڈیفنس کے ماہر ٹرینرز نے عملی تربیت فراہم کی۔
فائر سیفٹی اور بلڈنگ ایویکویشن ڈرل میں اسٹیٹ لائف ٹاور میں قائم مختلف نیشنل اور انٹرنیشنل دفاتر کے نمائندگان اور ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : پختونخوا میں امن، تعلیم اور روزگار نہیں، پختونوں کو صرف عمران خان کی رہائی چاہیے، ایمل ولی خان برس پڑے
اس موقع پر ہواوے انٹرنیشنل، اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، جی ایم ایس سمیت دیگر بین الاقوامی کمپنیوں نے بھی مشق میں حصہ لیا۔
شرکاء کو ہنگامی صورتحال کے دوران عمارت سے محفوظ انخلا، فائر ایمرجنسی سے نمٹنے اور جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات کے حوالے سے عملی آگاہی فراہم کی گئی۔
مشق میں شریک اداروں اور کمپنیوں کی جانب سے فائر سیفٹی اور ایویکویشن ڈرل کو سبق آموز اور مفید قرار دیتے ہوئے اسے سراہا گیا۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کی مشقیں حقیقی فائر ایمرجنسی کی صورت میں بروقت اور مؤثر کارروائی میں معاون ثابت ہوں گی۔
شرکاء نے مستقبل میں بھی ایسی حفاظتی مشقوں کا باقاعدگی سے انعقاد جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری مزید بہتر بنائی جاسکے۔





