وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ بھارت نے سیاست اور کھیل میں فرق ختم کر دیا ہے، بھارتی ٹیم کھیل کے میدان میں بھی سیاست کو لے آئی ہے۔
طلال چودھری نے کہا کہ بھارت ٹرافی لے یا نہ لے، وہ سفارتی اور عسکری میدان میں شکست کی غفلت مٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ بھارتی عسکری میدان میں شکست کے بعد اب سپورٹس کلچر کو بھی نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایک مرتبہ پھر کھیل سے کھلواڑ کرتے ہوئے کرکٹ میں سیاست کو شامل کر دیا ہے۔ بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے فائنل جیتنے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار سپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی ہے۔
طلال چودھری کے مطابق محسن نقوی ویمنز ایشیا کپ فائنل کے مہمان خصوصی تھے، تاہم بھارتی ٹیم نے ان سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی بھارت کی مینز ٹیم نے محسن نقوی سے کپ وصول کرنے سے انکار کیا تھا۔ بھارت کا بار بار کھیل کو سیاست سے جوڑنا کھیلوں کی روح اور سپورٹس مین اسپرٹ کے منافی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ٹیم کا ٹرافی لینے سے انکار، محسن نقوی گزشتہ سال بھی مؤقف پر ڈٹے رہے، آج بھی قائم ہیں، پی سی بی ذرائع
طلال چودھری نے مزید کہا کہ بھارت کو کھیل کے میدان میں سیاسی اختلافات کو نہیں لانا چاہیے، کھیل باہمی احترام، برداشت اور سپورٹس مین اسپرٹ کا نام ہے۔





