ایشیا کپ کے فائنل کے بعد بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق محسن نقوی گزشتہ سال بھی اپنے مؤقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے تھے اور آج بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے پاس آج رات ایک انتخاب تھا، تاہم اس نے ایک بار پھر کرکٹ پر سیاست کو ترجیح دی۔
ذرائع کے مطابق یہ ایک طرزِ عمل بنتا جا رہا ہے، پہلے مصافحے سے گریز اور اب ٹرافی لینے سے انکار، ایک سال کے دوران یہ دوسری مرتبہ ہے کہ بھارتی ٹیم نے ایسا رویہ اختیار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار،پھر کھیل میں سیاست لے آیا، محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار
ایونٹ سے وابستہ ذرائع کے مطابق اے سی سی نے ضابطے کے مطابق عمل کیا، جبکہ خلل صرف ایک جانب سے آیا۔
اے سی سی کا کہنا ہے کہ ٹرافی بدستور دستیاب ہے، جیسا کہ ہمیشہ سے رہی ہے، اور ادارے کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں بھارتی ٹیم کی جانب سے ٹرافی وصول نہ کرنے کا معاملہ ایک مرتبہ پھر کرکٹ اور سیاست کے تعلق پر بحث کا باعث بن گیا ہے۔





