مکہ دفاعی معاہدے سے مثبت پیشرفت ہورہی ہے، ہم اس میں کامیاب ہوں گے،ترک صدر

مکہ دفاعی معاہدے سے مثبت پیشرفت ہورہی ہے، ہم اس میں کامیاب ہوں گے،ترک صدر

Pakistan SCO Summit 2026

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے تاریخی ’’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘‘ کو امتِ مسلمہ کی اتحاد اور سلامتی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اتحاد پوری اسلامی دنیا کے لیے ایک واضح پیغام ہے اور اس کے دور رس اور مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے۔

ترکیہ کے شمالی صوبے سامسون میں نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترک صدر نے بتایا کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مل کر یہ قدم اٹھایا ہے تاکہ عالمی سطح پر اسلامی دنیا کا ایک مضبوط اور متحد موقف سامنے لایا جا سکے۔

صدر طیب رجب اردوان  نے پُرعزم لہجے میں کہا کہ اس مشترکہ اقدام سے مثبت پیشرفت ہو رہی ہے اور ان شاء اللہ اس مقصد میں مکمل کامیابی حاصل ہوگی۔

اقوامِ متحدہ کے ڈھانچے پر بات کرتے ہوئے جب ایک نوجوان نے ان کا مشہور مقولہ دہرایا کہ “دنیا اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل اراکین سے زیادہ بڑی ہے”، تو صدر اردوان نے عزم ظاہر کیا کہ وہ عالمی سطح پر ایک منصفانہ نظام کے قیام کے لیے اپنی وکالت اور جدوجہد بلا خوف جاری رکھیں گے۔

مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور آبنائے ہرمز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا ملک علاقے کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے، نہ صرف آبنائے ہرمز بلکہ پوری خلیج میں اس وقت سنجیدہ نوعیت کے مسائل اور چیلنجز درپیش ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں: مکہ دفاعی معاہدے میں مزید ممالک بھی شامل ہوں گے، ترک صدر پر امید

انہوں نے واضح کیا کہ ترکیہ کا موقف بالکل صاف ہے کہ اسلامی دنیا کو درپیش تمام چیلنجز اور بحرانوں پر جلد از جلد قابو پایا جانا چاہیے اور اس مقصد کے لیے ان کا ملک اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

ترک صدر نے اختتام پر کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان ترکیہ سے بڑی امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہیں، اسی لیے اس دفاعی و سفارتی معاملے کو کسی صورت معمولی نہیں سمجھا جا سکتا۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top