وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت ملک میں بجلی کے لوڈ مینجمنٹ پر اہم جائزہ اجلاس ہوا، جس میں انہیں بجلی کی موجودہ صورتحال اور لوڈشیڈنگ کی وجوہات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ خطے کی حالیہ صورتحال، آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ترسیلی مشکلات کے باعث آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہوئی، جس سے بجلی کی پیداوار میں کمی آئی اور طلب و رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑ رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ وزیراعظم نے آر ایل این جی کی ترسیل میں تعطل سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں:پشاور :بل ادا کرنے والے شہریوں کے لیےخوشخبری، انتظامیہ نے لوڈشیڈنگ کا طریقہ بدل دیا
انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔





